اسلام آباد19 ستمبر( ایس او نیوز ایجنسی) پاکستان کے وزیراعظم عمران خان اپنے پہلے غیر ملکی سرکاری دورے پر دو روز کے لیے سعودی عرب پہنچے ہیں جہاں بدھپ کو ان کی ملاقات شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان سے ہو گی۔
وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ وہ دو روزہ سرکاری دورے پر مدینہ کے بعد جدہ پہنچ گئے ہیں۔
وزیراعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر تجارت چوہدری فواد اور مشیر تجارت عبدالرزاق بھی موجود ہیں
سعودی عرب کے دو روزہ سرکاری دورہ کے پہلے مرحلے میں منگل کو مدینہ منورہ پہنچنے پر گورنرشہزادہ فیصل بن سلمان اور سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر خان ہشام بن صدیق، سعودی حکام اور قونصلیٹ کے افسران نے ان کا استقبال کیا۔
مدینہ کے گورنر اور وزیراعظم کے درمیان ملاقات بھی ہوئی جبکہ بعد میں جدہ پہنچنے پر مکہ کے گورنر عبداللہ بن بندر نے ان کا استقبال کیا۔
ریاض میں موجود پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم سعودی حکام شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ ملاقات کریں گے۔
وزیراعظم سعودی حکام کے ساتھ دو طرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی سطی پر بہت سے اہم امور پر بات کریں گے۔
اس سے قبل سعودی وزیر اطلاعات نے بھی پاکستان کا دورہ کیا تھا۔
یہ دورہ ایک ایسے وقت میں کیا جا رہا ہے جب پاکستان کی معاشی و اقتصادی سطح پر مشکل صورتحال کا سامنا ہے جبکہ دوسری جانب سعودی عرب یمن میں جنگ کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر تنقید کا سامنا کر رہا ہے۔
سعودی عرب کی معاشی پالیسیوں میں تبدیلی کی وجہ سے بڑی تعداد میں پاکستانی وطن واپس منتقل ہوئے ہیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر وزیراعظم کے بیرونی دورے پر تنقید بھی کی جا رہی ہے۔
خیال رہے کہ وزیر اطلاعات چوہدری فواد نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد اپنی پہلی پریس کانفرنس میں ہی واضح طور پر کہا تھا کہ بغیر کسی اہم ضرورت کے وزیراعظم تین ماہ سے قبل کوئی بیرونی دورہ نہیں کریں گے اور نہ ہی خصوصی جہاز استعمال کریں گے۔